جامعہ انوار العلوم میں داخلے جاری ہیں، مزید معلومات کے لیے ابھی کال کریں: 0123456789

مختصر تعارف

جامعہ انوار العلوم مہران ٹاؤن کورنگی کراچی

جامعہ انوار العلوم جس کی بنیاد آج سے تقریباً پندرہ سال قبل سن ۲۰۰۰ء میں کراچی کے انتہائی پسماندہ علاقہ میں دینی تعلیم و تربیت کی غرض سے رکھی گئی ، دیکھتے ہی دیکھتے وطنِ عزیز پاکستان کے اطراف و جوانب سے طالبانِ علوم نبویہ اس مرکز علم و عمل میں جمع ہونے لگے، اس وقت جامعہ میں تقریباً ۷۰۰ سے زائد رہائشی طلبہ علومِ نبوت حاصل کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔جامعہ میں ایسی معیاری دینی تعلیم دی جاتی ہے، جہاں نونہالانِ وطن مستقبل میں نہ صرف یہ کہ ملک و ملت کے لئے مفید شہری بنیں، بلکہ اہل وطن کی رہنمائی کا فریضہبھی سر انجام دے سکیں، جامعہ کا تعلیمی نصاب اور ماحول ہر قسم کی فرقہ واریت، دہشت گردی، قومیت اور لسانیت کی تعلیمات سے پاک ہے۔

اغراض و مقاصد

قرآنِ کریم، حدیث، عقائد اور فقہ کے ساتھ ساتھ دیگر مفیدفنونِ آلیہ کی تعلیم دینا، اور مسلمانوں کو مکمل طور پر اسلامی معلومات پہچانا، رُشد و ہدایت اور تبلیغ کے ذریعہ اسلام کی خدمت انجام دینا۔

اعمال و اخلاق کی تربیت اور طلبہ کی زندگی میں اسلامی رُوح پیدا کرنا۔

اسلام کی تبلیغ و اشاعت،دین کا تحفظ و دفاع اور اشاعتِ اسلام کی خدمت بذریعہ تحریر و تقریر بجا لانا ، اور مسلمانوں میں تعلیم و تبلیغ کے ذریعہ سے خیر القرون  اور سلف ِ صالحین جیسے اخلاق و اعمال  اور جذبات پیدا کرنا۔

جامعہ کے شعبہ جات

شعبہ درسِ نظامی

جامعہ کا سب سے بڑا شعبہ جس میں چالیس سے زائد اساتذہ کرام طلباء کو تفسیر، اصول تفسیر، حدیث، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، صرف و نحو، منطق، فلسفہ، علم معانی، علم بیان، علم بدیع اور دیگر علوم و فنون پڑھاتے ہیں۔ جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے فضلاءدرسِ نظامی کی تعداد”206” ہے۔

شعبہ تخصص فی الافتاء

اس شعبہ میں درس نظامی کی تکمیل کرنے والے ذی استعداد طلبہ کو افتاء کی تمرین سے بہرہ ور  کیا جاتا ہے، اس میں استخراج مسائل، تخریج اور کم از کم 100 فتاویٰ کی تمرین کرائی جاتی ہے۔ جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے فضلاء تخصص فی الافتاء کی تعداد”131”ہے۔

شعبہ قراءاتِ عشرہ

علومِ قراءات میں مہارت ِ تامہ پیدا کرنے کے لئے یہ شعبہ وجود میں آیا ہے، اس میں قراءات ِعشرہ بطریقِ شاطبیہ، علم الرسم، علم الوقف، علم الفواصل سمیت قراءات کے دیگر علوم شامل ِ درس ہیں۔ جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے فضلاءِ قراءاتِ عشرہ کی تعداد ”24” ہے۔

شعبہ تحفیظ القرآن الکریم

یہ جامعہ کا ایک مستقل شعبہ ہے جس کے تحت جامعہ کے قیام سے لےکر تا حال سینکڑوں طلباء حفظِ قرآن کریم کی بیش بہا نعمت سے مالا مال ہوچکے ہیں۔ ۲۰۰۰ء سے لے کر اب تک جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے حفاظِ کرام کی کل تعداد ”296” ہے۔

شعبہ تصنیف و تالیف

ہمارے مدرسہ کے کئی اساتذہ اس شعبہ کے ساتھ منسلک ہیں، اور ان کی تصنیفات سے عوام و خواص مستفید ہورہےہیں، فتاویٰ انوار العلوم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

شعبہ دارالافتاء

یہ جامعہ کا انتہائی اہم شعبہ ہے، عامۃ الناس اسی شعبہ سے مربوط ہیں، اپنے دینی مسائل میں رہنمائی کے لئے تحریری اور بالمشافہ اس شعبہ سے رجوع کرتے ہیں۔

شعبہ عصری تعلیم

اس شعبہ میں طلباء کو مڈل تک عصری علوم کی تعلیم دی جاتی ہے، اس شعبہ میں ہر سال ہونہار طلباء کی تعداد ”150” کے قریب ہوتی ہے۔

شعبہ تجوید

اس شعبہ میں طلباء کو اصول و ضوابط کی روشنی میں قرآنِ کریم  تجوید و ترتیل کے ساتھ پڑھایا جاتا ہے۔ جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے فضلاء تجوید کی تعداد”223” ہے۔